نئی دہلی ،06؍جون ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) سپریم کورٹ نے بدھ کو رجنی کانت کی فلم’کالا‘کی ریلیز پر روک سے انکار کر دیا۔’کالا‘سات جون کو ریلیز ہونی ہے۔اس سے پہلے کرناٹک ہائی کورٹ نے بھی ریاستی حکومت کو ہدایت دی تھی کہ وہ ’کالا‘کو سینما گھروں میں پرامن طریقے سے ریلیز کے لئے ضروری سیکورٹی انتظامات کرے۔حالانکہ کرناٹک کے وزیر اعلی ایچ ڈی کمارسوامی نے ریاست کے تقسیم کاروں سے کہا ہے کہ وہ کرناٹک کا باشندہ ہونے کی وجہ سے اپیل کرتے ہیں کہ اس طرح کے ماحول میں ’رجنی کانت کی فلم ’کالا‘ریلیز نہیں کریں۔حالانکہ ایک وزیر اعلی کے طور پر وہ خود اس معاملے پر ہائی کورٹ کے حکم پر عمل کریں گے۔انہوں نے کہا تھا کہ ریاستی حکومت کے طور پر مجھے ہائی کورٹ کی ہدایات پر عمل کرنا ہوگا اور اس کا دھیان رکھوں گا۔یہ میری ذمہ داری بھی ہے۔ ہمیں ہائی کورٹ کی ہدایات پر عمل کرنا ہوگا۔غور طلب ہے کہ رجنی کانت کے کاویری تنازعہ پر تبصرہ کو لے کر ریاست میں کنڈ حامی گروہوں نے’کالا‘کی ریلیز روکنے کی دھمکی دی ہے۔اداکار نے کہا تھا کہ کرناٹک میں جو بھی حکومت بنے اسے کاویری پانی کی تقسیم پر سپریم کورٹ کے احکامات پر مکمل طور پر عمل کرنا چاہئے۔آپ کو بتا دیں کہ اس سے پہلے فلم فیڈریشن آف انڈیا نے 'ساؤتھ انڈین فلم چیمبر آف کامرس(ایس آئی ایف سی سی)سے کرناٹک میں رجنی کانت کی فلم ’کالا‘کو جلد سے جلد ریلیز کی درخواست کی تھی۔کرناٹک فلم چیمبر آف کامرس (ایس آئی ایف سی سی)رجنی کانت کے مبینہ بیان سے خفا ہے۔ کے ایف سی سی نے ریاست میں فلم ’کالا‘کی ریلیز کی اجازت نہیں دینے کا فیصلہ کیا تھا۔فلم فیڈریشن آف انڈیا کی صدر ساکچھی مہرا نے بتایا کہ فیڈریشن نے ایس آئی ایف سی سی سے درخواست کی ہے کہ فلم انڈسٹری کے مفاد میں کے ایف سی سی سے بات کرکے فلم ریلیز کرائیں۔